سری نگر :نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر بارہمولہ اور اوڑی اسمبلی حلقہ کے انچارج ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی کا کہنا ہے کہ جو سیاسی پارٹیاں انڈیا اتحاد کا حصہ نہیں ہیں وہ بی جے پی کے خاموش ساتھی ہیں۔اطلاعات کے مطابق بونیار اوڑی میں این سی دفتر کا افتتاح کرنے کے موقع پر ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی نے کہاکہ جو سیاسی پارٹیاں انڈیا اتحاد کا حصہ نہیں ہیں وہ بی جے پی کے شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج یہ سب کہہ رہے ہیں کہ ان کا کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں لیکن آنے والے اسمبلی الیکشن میں یہ بی جے پی کے خاموش ساتھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان سیاستدانوں کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنا ان کی بہت بڑی غلطی تھی۔ڈاکٹر شفیع اوڑی نے کہاکہیہ اوڑی کے رہنے والوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کا ساتھ دیں گے یا پھر بی جے پی پراکسیوں کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔انہوں نے کہاکہ اگر نیشنل کانفرنس حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو منشور میں جتنے بھی وعدئے کئے گئے انہیں پورا کیا جائے گا۔