جو کچھ کمارا سوامی جانتے ہیں شائد اور کوئی نہیں جانتا : عمر عبداللہ

   

سرینگر 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبداللہ نے پیر کو اس بات پر حیرت کا اظہار کیاکہ کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کو یہ یقین و اعتماد کہاں سے مل گیا تھا کہ ان کی حکومت پُرسکون اور اطمینان بخش انداز میں چل سکے گی۔ عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’یہاں ایک قسم کے عجیب بھروسہ و اعتماد کا مظاہرہ ہورہا ہے۔ جو کچھ وہ (کمارا سوامی) جانتے ہیں ایسا نظر آتا ہے شائد اور کوئی نہیں جانتا‘۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ دراصل کمارا سوامی کے اس ادعا کا حوالہ دے رہے تھے کہ مسائل کو حل کرلیا جائے گا اور ان کی حکومت پُرسکون انداز میں چلتی رہے گی۔ کرناٹک میں جے ڈی (ایس) ۔ کانگریس کی مخلوط حکومت اپنے 13 ارکان اسمبلی کی طرف سے اسپیکر کو استعفے پیش کئے جانے کے بعد بحران کی شکار ہوگئی ہے۔