جٹ ایرویز میں روزگار اور بینک میں 90 لاکھ ڈپازٹ سے محروم شخص فوت

   

ممبئی 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کا ساکن ایک شخص جس کے 90 لاکھ روپئے اسکام سے متاثرہ پی ایم سی بینک میں پھنس گئے تھے، رقم کی واپسی کے مطالبہ پر دیگر بینک گاہکوں کے ساتھ احتجاج میں حصہ لینے کے چند گھنٹوں بعد قلب پر حملے کے سبب فوت ہوگیا۔ 51 سالہ سنجے گلاٹی اور ان کے والد 80 سالہ سی ایل گلاٹی نے پیر کی صبح جنوبی ممبئی میں منظم کردہ احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا تھا۔ متوفی نے سنجے گلاٹی نے جو پائیلٹ تھا، اپریل میں اپنے روزگار سے محروم ہوگیا تھا جب جٹ ایرویز نے طیاروں کی پروازیں روک دیا تھا۔ اس کا ایک بچہ جسمانی طور پر معذور بھی ہے۔ سنجے نے اوشی واڑہ میں تاخیر سے لنچ لیا تھا اور کچھ دیر بعد اچانک گر پڑا۔ جس کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ مردہ قرار دیا۔ سنجے کی بیوی بندو نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’حال ہی میں وہ ملازمت سے محروم ہوگئے تھے اور گزشتہ چند دن سے شدید دباؤ کا شکار تھے۔ لیکن بینک کے بحران کے بعد وہ کافی غمزدہ اور مایوس ہوگئے تھے۔ اُنھیں ڈر تھا کہ شائد اُنھیں بینک سے اپنی رقم دوبارہ نہیں ملے گی‘۔ سنجے کے والد نے کہاکہ اُنھوں نے پنجاب و مہاراشٹرا کوآپریٹیو بینک میں 90 لاکھ روپئے ڈپازٹ رکھا تھا۔ علاوہ ازیں بچوں کے نام پر بھی علیحدہ ڈپازٹ رکھے گئے تھے۔