جڈیجا اور سندر نے بجاطور پر سنچریاں مکمل کئے : کپتان گل

   

مانچسٹر، 28جولائی (یو این آئی) ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے کہا کہ رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اپنی سنچریاں مکمل کرنے کے حقدار تھے اور دونوں نے بجاطور پر یہ اپنا کام مکمل کیا۔ چوتھا ٹسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں گل نے کہا کہ پانچویں دن ہندوستان کی اننگز کے 138اوورز کے بعد جب جڈیجا (89) اور سندر (80) سنچریوں کے قریب تھے تو انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ہندوستان سے ڈرا کے بارے میں پوچھا لیکن تب دونوں بلے بازوں کو ڈریسنگ روم سے یہ پیغام بھیجا گیا کہ وہ کھیل جاری رکھیں۔ گل نے کہا کہ پہلے دو وکٹ ابتدائی پانچ گیندوں میں گنوانے کے بعد اس طرح کی کارکردگی ناقابل یقین ہے ۔ جڈیجا اور سندر دونوں سنچری کے قریب تھے ، اس لیے ہم نے سوچا کہ یہ دونوں سنچری کے مستحق ہیں۔ گل نے کہا کہ ہر ٹسٹ میچ آپ کو کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے ، بطور ٹیم اس سیریز نے ہمیں بہت کچھ سکھایا ہے ، امید ہے کہ ہم اگلا میچ جیت کر سیریز ڈرا کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نے ماضی میں کتنے رنز بنائے ، میں صرف اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے پر توجہ دیتا ہوں اور اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کرتا ہوں، ہم نے پہلی اننگز میں اچھا اسکور کیا لیکن ایسی پچ پر یہ ضروری ہے کہ جب بلے باز وکٹ پر اچھی طرح کھیلنے لگے تو ایک یا دو بڑی اننگز آئیں تاکہ میچ کو مخالف ٹیم کی گرفت سے نکالا جاسکے ۔ ہم دوسری اننگز میں ایسا کرنے میں کامیاب رہے ۔