جڈیجہ کا درجہ بندی میں عالمی ریکارڈ

   

ٹسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں طویل وقت کیلئے پہلے مقام پر قبضہ

دبئی ۔14 مئی (آئی اے این ایس ) آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں رویندرا جڈیجہ ایک بار پھر400 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون آل راؤنڈر ہیں۔ آئی سی سی کی اس نئی رینکنگ کے جاری ہونے کے بعد بھی جڈیجہ نے ایک عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا جس کی وجہ سے انہوں نے تاریخ رقم کی۔ ایک طرف ویراٹ کوہلی، روہت شرما ٹسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ہیں تو دوسری طرف جڈیجہ کرکٹ کے اس طویل اور قدیم فارمیٹ میں تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹسٹ آل راؤنڈرزکی نئی رینکنگ میں تاریخ رقم کر دی ہے۔آئی سی سی نے ٹسٹ آل راؤنڈرزکی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں جڈیجہ 400 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ اب جڈیجہ نے جو عالمی ریکارڈ بنایا ہے وہ یہ ہے کہ وہ طویل ترین دنوں تک آئی سی سی ٹسٹ آل راؤنڈر میں نمبر ایک رہے۔ جڈیجہ 9 مارچ 2022 کو ویسٹ انڈیزکے جیسن ہولڈرکو پیچھے چھوڑکر دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ آل راؤنڈر بنے۔ اس کے بعد 38 ماہ ہوچکے ہیں۔ جڈیجہ 1152 دن تک مسلسل پہلے نمبر پر ہیں۔ جب جڈیجہ 2022 میں عالمی نمبر ایک ٹسٹ آل راؤنڈر بنے تو یہ ان کے لیے یہ کارنامہ انجام دینے کا دوسرا موقع تھا۔ ایسا اس لیے کہ اس سے پہلے وہ اگست 2017 میں بھی ایک ہفتے تک نمبر ون رہے تھے۔تازہ ترین ٹسٹ آل راؤنڈر میں نمبر ایک مقام برقرار رکھنے کے لیے جڈیجہ کا براہ راست مقابلہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز سے تھا، جن کے 327 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ نئی رینکنگ میں مہدی حسن نے مارکو جانسن کو شکست دے کر نمبر 2 مقام پر قبضہ کر لیا ہے۔ مارکو جانسن ایک مقام کھو کر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ان کے 294 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔پیٹ کمنز نمبر چار آل راؤنڈر ہیں۔ جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پانچویں نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 10 میںجڈیجہ کے علاوہ کوئی ہندوستانی دوسرا آل راؤنڈر نہیں ہے۔ ان کے بعد اکشر پٹیل ٹسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر ہیں۔