جڈیجہ کی تنہا جدوجہد رائیگاں،ہندوستان کا خواب چکناچور

,

   

مانچسٹر۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کروڑہا ہندوستانی کرکٹ شائقین کی اُمیدیں اس وقت تک باقی تھیں جب وکٹ پر آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اور مہیندر سنگھ دھونی موجود تھے ، اور ہندوستانی ٹیم کو سیمی فائنل میں کامیابی کیلئے فی اوور 11 رنز بنانے تھے، لیکن جڈیجہ کے 77 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد دھونی توجہ کا مرکز رہے، لیکن وہ بھی مارٹن گپٹل کے راست تھرو پر جب رن آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کے ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا ۔ ہندوستانی ٹیم کو رواں ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 18 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ وہ بظاہر آسان دکھائی دینے والے نشانہ 240 رنز کا تعاقب کررہی تھی۔ گزشتہ روز بارش کی وجہ سے مقابلہ روک دیا گیا تھا اور آج جب نیوزی لینڈ نے اپنی نامکمل اننگز کو آگے بڑھایا تو ہندوستانی بولروں نے گزشتہ روز کے مظاہروں کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے حریف ٹیم کو 239/8 رنز تک محدود رکھا جس کے بعد شاندار فام میں موجود ہندوستانی ٹیم کے متعلق امید کی جارہی تھی کہ 2011ء کی چمپین ٹیم آسانی سے یہ نشانہ عبور کرتے ہوئے فائنل میں پہنچ جائے گی لیکن اس کا آغاز انتہائی تباہ کن ہوا جب ٹورنمنٹ میں ریکارڈ 5 سنچریاں اسکور کرنے والے روہت شرما ایک رن ، دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی ایک رن اور لوکیش راہول بھی ایک رن بناکر جس وقت پویلین لوٹے تو اس وقت ہندوستان کا مجموعی اسکور صرف 5 رنز تھا۔ 24 رنز کے اسکور پر دنیش کارتک بھی 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور پھر 71 رنز پر ریشپھ پنت(32) ، 92 رنز پر ہاردک پانڈیا (32) کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی شرمناک شکست دکھائی دے رہی تھی لیکن اس موقع پر دھونی (50) اور جڈیجہ (77) نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کی اُمیدیں برقرار رکھیں ۔ نیوزی لینڈ کیلئے مین آف دی میچ میاٹ ہنری نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور سنٹنر نے فی کس 2 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔