جڑواں بچوں کا قتل کرنے کے بعد ماں کی خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ بالا نگر میں ایک خاتون نے جڑواں بچوں کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق سائی لکشمی نے آج صبح یہ اقدام کیا۔ تاہم خاتون کے اس انتہائی اقدام کی ہر زاویہ سے تحقیقات جاری ہیں ۔27 سالہ سائی لکشمی نے پہلے اپنے بچوں کو قتل کیا جن میں ایک لڑ کا اور ایک لڑکی تھے پھر بعد میں عمارت کی بلندی سے چھلانگ لگادی۔ بچوں کی بیماری اور صحت کے مسائل ا نتہائی اقدام کی وجہ بتائی جارہی ہے جس کے سبب دونوں میاں بیوی میں ہر آئے دن جھگڑا ہوا کرتا تھا اور کل بھی جھگڑے کے بعد ہی خاتون نے انتہائی اقدام کیا ۔ اس واقعہ کے بعد بالا نگر حدود میں سنسنی پھیل گئی ۔ سائی لکشمی ‘پدما راؤ نگر علاقہ کے ساکن انیل کماری کی بیوی تھی، ان کی شادی چار سال قبل ہوئی تھی، ان کا تعلق ریاست آندھراپردیش کے نوبی ویڈو سے بتایا گیا ہے ۔ دو سال قبل لکشمی نے جوڑواں بچوں کو جنم دیا جن میں کارتکیہ اور لاسیادیلی شامل تھے ۔ بچے اکثر بیمار رہتے تھے اور انہیں کسی نہ کسی بیماری کا مسئلہ تھا ۔ لڑکے کو سماعت کا مسئلہ تھا اور اس کا علاج جاری تھا ۔ ڈاکٹروں کے مشورہ پر بچہ کی اپیچ تھراپی کروائی جارہی تھی ۔ بچوںکے مسلسل بیمار رہنے کے سبب میاں بیوی میں جھگڑے چل رہے تھے اور گزشتہ روز بھی ان کے درمیان بچوں کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا ۔ پریشانی کے عالم میں سائی لکشمی نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پہلے اپنے بچوں کا گلا گھونٹ کر ان کا قتل کیا اور پھر بعد میں خاتون نے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ واقعہ کی اطلاع کے بعد پولیس بالا نگر مقام واردات پر پہنچی اور ضابطہ کی کارروائی انجام دی اور واقعہ پر شبہات کا اظہارکرتے ہوئے سائی لکشمی کے شوہر انیل کمار کو حراست میں لے لیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع