میڈرڈ: دنیا بھر میں مقبول فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگیز اپنے نومولود بیٹے کی موت کے بعد مداحوں سے ملنے والی نیک خواہشات پر ان کے مشکور ہیں۔ انسٹاگرام پر رونالڈو اور جارجینا کی جانب سے مشترکہ پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی نوزائیدہ بیٹی کے ساتھ گھر واپس آگئے ہیں۔ اسٹار فٹبالر نے انسٹاگرام پر فیملی فوٹو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’’جیو (جارجیا) اور نومولود بیٹی بالآخر گھر آگئے ہیں، آپ کا تعاون بہت ضروری ہے۔‘‘ رونالڈو نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس ننھی مہمان کیلئے شکر گزار ہوں جس کا ہم نے اس دنیا میں خیرمقدم کیا ہے۔ یاد رہے کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونا لڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی لیکن بدقسمتی سے ان میں سے بیٹے کی موت ہوگئی۔ رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا نے جڑواں بچوں (لڑکا اور لڑکی) کو جنم دیا تھا۔ بعد ازاں انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم افسوس کے ساتھ بتارہے ہیں کہ ہمارے بیٹے کی موت ہوگئی، یہ کسی بھی والدین کیلئے سب سے تکلیف والا لمحہ ہوتا ہے۔