لاری نے آٹو کو ٹکر دے دی، ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک
حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع محبوب نگر جڑچرلہ منڈل کے موضع نصر اللہ آباد کے پاس پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بشمول معصوم ایک سالہ لڑکا ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ موضع کے پاس ایک تیز رفتار لاری نے پیچھے سے آٹو رکشا کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں آٹو میں سوار ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مہلوکین کی شنکر، نریش، میگا درشنی اور جیوتی کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ بھیانک سڑک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس عہدیداروں نے مقام واقعہ پر پہنچ کر راحت کاری کے اقدامات کئے۔ شدید زخمی دو افراد کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے قریب میں واقع ہاسپٹل کو روانہ کیا جس میں ایک شدید زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مہلوک افراد کی نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کیا اور کیس درج رجسٹر کرکے ضروری کارروائی کی۔