جکارتہ ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشی حکام کے مطابق ملکی دارالحکومت جکارتہ کے ارد گرد شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں میں ہلاکتیں 45 تک پہنچ گئی ہیں۔ شدید بارش سے جکارتہ شہر کے 182 نواحی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے۔ تقریباً چار لاکھ افراد گھر بار چھوڑ کر عارضی مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے بتایا ہے کہ مختلف علاقوں میں سیلاب کی سطح آج جمعے سے گھٹنا شروع ہو گئی ہے۔ نواحی بستیوں بوگور اور دیپوک میں مٹی کے تودے گرنے سے سب سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے۔ 2013 کے بعد جکارتہ میں آنے والا یہ شدید ترین سیلاب ہے۔ چھ برس قبل ایسے ہی سیلاب میں 57 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔
