جکارتہ : انڈونیشیا اپنے دارالحکومت کو جکارتہ سے منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اس کے نئے دارالحکومت کا نام ’نوسانترا‘ تجویز کیا گیا ہے۔برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق دارالحکومت کے سرکاری دفاتر جکارتہ سے لگ بھگ دوہزار کلومیٹر شمال مشرق میں واقع صوبے مشرقی کلیمانتن میں منتقل کیا جا رہا ہے۔نوسانترا کا مطلب ’آرکی پیلیگو‘ یعنی ’جزائر کا بڑا مجموعہ‘ ہے۔واضح رہے کہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو نے 2019 میں پہلی بار جکارتہ کو درپیش سنگین ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر دارالحکومت کی تبدیلی کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔اس منصوبے پر عمل کورونا وبا کی وجہ سے التوا کا شکار ہوا تاہم اب دارالحکومت کی منتقلی کا عمل 2024 تک مکمل ہو سکے گا۔حکام توقع کر رہے ہیں کہ دارالحکومت کی منتقلی سے ایک کروڑ کی آبادی کے شہر جکارتہ پر دباؤ کم ہو گا۔جکارتہ تسلسل کے ساتھ سیلابوں کا نشانہ بننے کے ساتھ ساتھ زیر زمین سے بے تحاشا پانی نکالے جانے کی وجہ سے دنیا میں سب سے زیادہ تیز رفتاری سے ڈوبنے والا شہر ہے۔ جکارتہ کے شمالی حصے 25 سینٹی میٹر سالانہ کی شرح سے سمندری پانی میں ڈوب رہے ہیں۔