جگاریڈی اور کانگریس کے دوسرے قائدین کا بورڈ آف انٹر میڈیٹ پر احتجاج

   

تعلیمی امور پر حکومت خواب غفلت میں ، ناکام طلبہ کے بارے میں حکومت کو فیصلہ کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ریاست کے تعلیمی نظام کے معاملے میں حکومت خواب غفلت میں ہونے کا الزام عائد کیا ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نامپلی آفس کے سامنے سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کیا بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ گذشتہ دو سال سے انٹر میڈیٹ بورڈ کے غلط فیصلے اور رویے سے طلبہ پریشان ہورہے ہیں حال ہی میں جاری کردہ انٹر فرسٹ ایر کے نتائج میں بیشتر طلبہ فیل ہوئے ہیں ۔ جس کے لیے حکومت اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ برابر کی ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 4.5 لاکھ طلبہ نے انٹر فرسٹ ائیر کا امتحان تحریر کیا جن میں 2.35 لاکھ طلبہ ناکام ہوگئے ۔ ملک کی کئی ریاستوں نے کوویڈ بحران کے باعث طلبہ کو پاس کردیا مگر تلنگانہ میں طلبہ کی جانب سے خود کشیاں کرنے کے باوجود کیوں پاس نہیں کیا گیا پر حکومت سے استفسار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی طلبہ فیل ہوئے ہیں ۔ ان میں اکثریت سرکاری کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کی ہے ۔ کورونا وبا کی وجہ سے ان طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس موثر انداز میں منعقد نہیں کئے گئے ۔ حکومت کی جانب سے سرکاری کالجس میں بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی گئی انٹر نیٹ اور دوسری بنیادی سہولتوں کو نظر انداز کیا گیا ۔ خانگی کالجس کی جانب سے آن لائن تعلیم کا معقول انتظام کیا گیا جس کی وجہ سے خانگی طلبہ کامیاب ہوئے ۔ ناکام ہونے والے طلبہ کو حکومت کی جانب سے نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے طلبہ مایوس ہو کر خود کشیاں کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ ناکام ہونے والے طلبہ کے بارے میں حکومت کوئی فیصلہ کریں ۔ اس احتجاج میں تلنگانہ این ایس یو آئی صدر وینکٹ کے علاوہ دوسرے بھی شامل ہوئے ۔۔ ن