کسی کارکن یا اہلیہ کو امیدوار بنانے کا اشارہ
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ان کی جگہ سنگاریڈی کے ایک عام کارکن کو الیکشن میں کھڑا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کارکن الیکشن میں کسی کارکن کی مخالفت کریں تو وہ اپنی اہلیہ نرملا کو الیکشن میں کھڑا کریں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ اپنا آخری الیکشن 2028 میں لڑیں گے۔ انہوں نے اس فیصلہ کے بارے میں کسی وضاحت سے انکار کردیا۔ گذشتہ ایک عرصہ سے جگا ریڈی کانگریس میں ناراض ہیں۔ کئی مواقع پر انہوں نے ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا تاہم ہائی کمان کی سرزنش کے بعد وہ خاموش ہوچکے ہیں۔ جگا ریڈی نے مانسون اسمبلی سیشن صرف دو دن کیلئے طلب کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس اپوزیشن قائدین سے ملاقات کا وقت نہیں ہے۔ عوامی نمائندوں کو بھی وقت نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ محض تین دن کیلئے اجلاس کے سبب عوامی مسائل جوں کے توں باقی رہیں گے۔ر