جگا ریڈی کے بشمول تین کانگریس ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت

   

Ferty9 Clinic

برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن کے موقف کو ختم کرنے کوشاں ، کانگریس مقننہ پارٹی کو ضم کرنے کی تیاری
حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) رکن اسمبلی جگا ریڈی بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کر لیں گے!بتایاجاتا ہے کہ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے بھی تلنگانہ راشٹرسمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلہ میں مشاورت شروع کردی ہے اس طرح اب کانگریس میں صرف 5ارکان اسمبلی باقی رہ جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے اپوزیشن کے صفائے کی مہم کامیاب ہوچکی ہے اور تمام اسمبلی میں اپوزیشن کا کوئی رول نہیں رہ گیا ہے اور نہ ہی قائد اپوزیشن کا عہدہ باقی رہنے کے امکان ہیں۔تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے لئے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے 10 ارکان اسمبلی پہلے ہی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ 3 ارکان اسمبلی شمولیت اختیار کرنے کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرچکے ہیں اور بہت جلد ان تین ارکان اسمبلی کی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت کے بعد پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کانگریس مقننہ پارٹی کے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں انضمام کا اعلان کریں گے اور اس سلسلہ میں اسپیکر اسمبلی کو یادداشت پیش کریں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ جگا ریڈی نے گذشتہ دنوں ہونے والی غیر موسمی بارش کے سبب ہونے والے نقصانات کی پابجائی کی صورت میں کے سی آر کے مندر کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے بالواسطہ طور پر یہ کہا کہ ان کی کانگریس میں برقراری کے امکانات موہوم ہوتے جا رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سرکردہ قائدین جگا ریڈی سے رابطہ میں ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں بھی مابقی تین ارکان اسمبلی کے ساتھ ہی ٹی آر ایس میں شامل کروانے کے اقدامات کئے جائیں۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 13ارکان اسمبلی کے ساتھ کانگریس مقننہ پارٹی کے تلنگانہ مقننہ پارٹی میں انضمام کے لئے کارگذار صدر ٹی آر ایس کے ٹی راما راؤ کی کافی محنت رہی ہے اور ان کی ترغیب کے بعد ہی یہ ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ کانگریس کے تین ارکان اسمبلی آر کانتا راؤ‘ ایس لنگیا اور ہری پریہ نائک نے اسپیکر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کانگریس مقننہ پارٹی کو ٹی آر ایس مقننہ پارٹی میں ضم کرنے کی خواہش کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم میں یہ ارکان اسمبلی کے علاوہ جگا ریڈی بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔کارگذار صدر ٹی آر ایس کے ٹی راما راؤ کا کہنا ہے کہ ریاست میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ایک متبادل طاقت بن کر ابھر رہی ہے اور اسے محسوس کرتے ہوئے کانگریس ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس نے اپنے کام کے ذریعہ اپنی شناخت اور عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور کے ٹی راما راؤ کا کہناہے کہ تلنگانہ کانگریس ارکان اسمبلی کی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت سے مجوزہ ادارہ جات مقامی انتخابات میں ان کی پارٹی کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔