جگتیال ۔ 24 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نے جگتیال ٹاؤن کے 27 وارڈ اسلام پورہ میں 20 لاکھ کی لاگت سے ایک مسلم کمیونٹی ہال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر سنجے کمار نے کہا اسلام پورہ میں اردو میڈیم اسکول، سڑکوں کی تعمیر۔بستی دواخانہ کی تعمیر، مشن بھگیرتاپائپ لائن کے لیے 45 کروڑ روپے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ جگتیال کیلئے 700 کروڑ روپے منظور ہوئے جس میں سے 500 کروڑ روپے سے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا گیا۔ شہر کے تمام وارڈس میں ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ڈبل بیڈرومس مکانات کی فراہمی میں مسلمانوں کو 12فیصد کے تحت دیا جائیگا۔ معذور افراد کے لیے بھی الگ تحفظات کے تحت دیا جائیگا۔ عیدگاہ میں فرش ڈالنے کا تیقن دیا اور حج ہاؤز کی تعمیر باقی ہے۔ اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کوپورا کیا جا ئیگا۔ اس موقع پر مجلسی کونسلر محمد رضی الدین نے وارڈ کی کامیاب نمائندگی پر وارڈ میں ترقیاتی کاموں کو انجام دینے پر رکن اسمبلی ڈاکٹر یم سنجے کمار سے اظہارِ تشکر کیا۔ اور وارڈ میں خواتین کیلئے جوٹ سنٹر اور راشن دوکان کی منظوری دلانے کیلئے ایک تحریری یادداشت پیش کی۔ اس موقع پر وارڈ۔ مجلسی کونسلر محمد رضی الدین۔شکیل پٹواری کونسلر، گٹو ستیش آمین الحسن،عبدالقادر مجاہد، ذولفقار علی، مظہر رضوان، محمد غوث و دیگر موجود تھے۔