جگتیال : جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ اقل ترین امدادی قیمت کے مطابق تور کی خریداری کیلئے مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا۔آج بروز ہفتہ انھوں نے زرعی مارکٹ یارڈ میں تور کی خریدی کے مرکز کا مقامی رکن اسمبلی و صدر نشین ضلع پریشد کے ہمراہ افتتاح کیا۔موسم خریف میں ضلع میں 10712 ایکڑ اراضی پر تور کی کاشت کی گئی۔جس سے تقریباََ 75 کنٹل فصل کی آمد کی توقع کی جارہی ہے۔جگتیال ضلع میں امدادی قیمت سے کم قیمت پر تور کی فروخت کی اطلاع پاکر کسانوں کیلئے ایک کنٹل کیلئے 6300 اقل ترین امدادی قیمت کی فراہمی کیلئے 5 مراکز کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے۔فی الحال جگتیال مارکٹ یارڈ میں اس مرکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔مابقی تین مراکز کا عنقریب ہی افتتاح کیا جائیگا۔اجلاس میں شریک رکن اسمبلی جگتیال ڈاکٹر سنجئے کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے روبہ عمل لائی گئی فلاحی اسکیمات، آبپاشی کے پروجکٹ،24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کے سبب ضلع میں5 گنا دھان کی فصل میں اضافہ ہوا ہے۔ماضی میں12 رائیس ملیں موجود تھیں لیکن اب 60 سے بھی زائد رائیس ملیں قائم کی گئیں ہیں۔ضلع میں آم ، موز، پپائی،جیسے پھلوں کی کاشت کی جارہی ہے۔ رائیکل مارکٹ یارڈ کی ترقی کیلئے 1 کروڑ 76 لاکھ، آم کا مارکٹ یارڈ کے قیام کیلئے 5 کروڑ روپئے کی حکومت نے منظوری عطا کی ہے۔ اجلاس میں شریک ضلع پریشد صدر نشین دوا وسنتا نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق کسان متبادل کاشتکاری کریں گے تو نہ صرف نفع میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو متوازن تغذیہ بھی فراہم ہوگا۔ضرورت پر مبنی دیگر تجارتی فصلوں کی کاشت کرنے پر کسانوں کو زائد نفع حاصل ہوگا۔تور کی کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے مسائل درپیش نہ ہونے کیلئے تور کی خریدی کے مرکز کا قیام عمل میں لانے پر مقامی رکن اسمبلی کو انھوں نے مبارکبا د پیش کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا،ڈی سی ایم ایس چیر مین سرینیواس، لائبرری چیر مین چندرا شیکھر راؤ، صد ر نشین بلدیہ جگتیال شراونی ،مارکٹ کمیٹی چیر مین مہی پال ریڈی اور دیگر عوامی نمائندے و عہدیدار موجود تھے۔