جگتیال میں جائزہ اجلاس سے کلکٹر کا خطاب

   

جگتیال۔/12 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوائنٹ کلکٹر بی راجیشم نے ضلع جگتیال میں دھان کی خریدی سے متعلق محکمہ زراعت کے عہدیداروں کے ساتھ اپنے چیمبر میں اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر انہوں نے عہدیداروں کو تاکید کی کہ فصل کی خریدی کے وقت معیار کا لحاظ رکھا جائے اور کسانوں کو آگاہ کروایا جائے کہ فصل کی کٹوائی کے وقت دھان کے ساتھ بی ایف کے بیج بھی آرہے ہیں۔ ان بیجوں کو علحدہ کرنے کی کسانوں کو تاکید کی جائے۔ فصل کے رنگ میں تبدیلی ہونے پر بھی اس کو دھان سے الگ کرنے کی تاکید کی جائے کیونکہ دھان کی فروخت کے وقت مشکلات درپیش ہوں گی اور مالکان رائس مل ان کی حصولی سے انکار کریں گے۔ اسی لئے معیار کے اعتبار سے فصلوں کی درجہ بندی کرنے اور فصل کی صفائی کے ساتھ فصل کو لانے کی کسانوں کو تاکید کی جائے۔ معیار کے اعتبار سے فصل کو علحدہ کرتے ہوئے فروخت کیلئے لانے کسانوں کو تاکید کی جائے۔ تمام تفصیلات کو محکمہ زراعت اور فروخت کے مراکز کے ذمہ داران آپسی تعاون سے کسانوں میں تفصیلات فراہم کریں۔ اس موقع پر ڈی ایس او چندن کمار، ڈی ایم رجنی کانت، محکمہ زراعت کے عہدیدار امینا بی اور محکمہ زراعت کے ملازمین نے شرکت کی۔