حیدرآباد 29اپریل(یواین آئی) جگتیال میں ایک خاتون کی جانب سے اپنے تین سالہ بیٹے کی بے دردی سے پٹائی کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے ، جس نے عوام کو شدید صدمہ میں مبتلا کر دیا۔بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ خاتون کافی عرصہ سے بچہ پر ظلم کر رہی تھی، تاہم یہ واقعہ کل منظر عام پر آیا جب پڑوسیوں نے اس کی حرکت کو موبائل فون میں ریکارڈ کر کے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ اس خاتون کی شناخت رما کے طورپر کی گئی جو اپنے بیٹے کو بری طرح مارتی اور لاتیں مارتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے ۔ چونکہ وہ روزانہ بچے کو تشدد کا نشانہ بنا رہی تھی، پڑوسیوں نے اس کو موبائل پر قید کر کے پولیس سے رجوع کیا۔اس واقعہ پر سکھی سنٹر کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچہ کو تحویل میں لے کر سنٹر منتقل کر دیا۔