جگتیال میں ریڈکراس سوسائیٹی کے اجلاس کا انعقاد

   

جگتیال ۔ /5 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت نے آج اپنے دفتر میں تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کے ہمراہ ریڈکراس سوسائیٹی سے متعلقہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا ۔ اس موقع پر انہوں نے تاکید کی کہ ریڈکراس سوسائیٹی کی رکنیت سازی کیلئے ریاستی سطح پر یکم نومبر 2019 ء تا /13 ڈسمبر 2019 ء تک مہم روبہ عمل لائی گئی ہے ۔ تمام تعلیمی اداروں سے متعلقہ پرنسپلوں سے تاکید کی گئی کہ وہ اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں رکنیت سازی کے ذریعہ طلباء میں صحت مند سماج کے فروغ کیلئے شعور بیداری کی مہم کو روبہ عمل لائیں اور رضاکارانہ طور پر طلباء کو ریڈکراس سوسائیٹی کی رکنیت کیلئے راغب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس رکنیت سازی کا مقصد طلباء میں صحت کی باقاعدگی کو یقینی بنانے ، معاشرہ کو صحت مند بنانے اور سماجی ہم آہنگی کی خصوصیت کو ان کے اندرا بھارنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈکراس سوسائیٹی کی ہدایات کے مطابق طلباء کو 40 روپئے کے ذریعہ اور کالجوں کے ذمہ داران کو 400 روپئے کی ادائیگی کے ذریعہ اس کا رکن بنایا جاسکتا ہے ۔