جیون ریڈی اور سنجے کمار کے علیحدہ کیمپس
حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) جگتیال میونسپلٹی کے چیرپرسن عہدہ کے لئے کانگریس کے دو گروپس میں محاذ آرائی ختم کرنے کے لئے سینئر قائدین نے مداخلت کی ہے۔ سابق وزیر جیون ریڈی اور جگتیال کے رکن اسمبلی سنجے کمار کے درمیان اختلافات دور کرتے ہوئے متفقہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی مساعی کی جارہی ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹری ساونت اور ریاستی وزیر اے لکشمن کمار نے سینئر لیڈر جیون ریڈی سے درخواست کی اور رکن اسمبلی سے اختلافات ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ امیدواروں کے متفقہ طور پر انتخاب کو یقینی بنانے کے لئے بعض ناموں پر غور کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی چیرپرسن کے عہدہ کے لئے اپنے قریبی ساتھی کے نام کو پیش کررہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ حقیقی کانگریس کارکنوں کو عہدے دیئے جانے چاہئے۔ جیون ریڈی نے حالیہ عرصہ میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو عہدوں کی مخالفت کی ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ وہ ہمیشہ حقیقی کانگریس کارکنوں کے حق میں اظہار خیال کرتے رہے ہیں۔ کانگریس کے بی فارم پر کامیابی حاصل کرنے والوں کے علاوہ مجلس اور آزاد منتخب ارکان کی جملہ تعداد 23 ہے۔ رکن اسمبلی سنجے کمار نے ان تمام منتخب ارکان کے لئے علیحدہ کیمپ منعقد کیا ہے۔1