جگتیال کا طالب علم راج سمہا اسرو سائنٹسٹ کے طور پر منتخب

   

حیدرآباد 9 فروری (سیاست نیوز) جگتیال ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم کو خلائی تحقیق کے ادارہ اسرو (ISRO) میں سائنٹسٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ جگتیال ضلع کے کوڈمیال منڈل سے تعلق رکھنے والے ایم راج سمہا کے والدین راج شیکھر اور اوما رانی دونوں گورنمنٹ ٹیچر ہیں۔ راج سمہا نے جگتیال میں ایس ایس سی تک تعلیم حاصل کی جبکہ ورنگل میں انٹرمیڈیٹ کی تکمیل کی۔ کیرالا کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تھرواننتاپورم میں ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کورس میں نشست حاصل ہوئی جس کے بعد اُنھوں نے خلائی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں غیرمعمولی ریسرچ کا کام انجام دیا۔ جے ای ای امتحان کے ذریعہ اُن کا داخلہ عمل میں آیا تھا۔ اسرو نے بی ٹیک فائنل ایئر کے دوران ہی کیمپس رکروٹمنٹ کے تحت راج سمہا کا سائنٹسٹ کے طور پر انتخاب کیا ہے۔ اسرو کے سائنٹسٹ کی حیثیت سے انتخاب پر مختلف گوشوں کی جانب سے راج سمہا کو مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔1