جگتیال کے کونڈا پور میں خاتون کی خود کشی

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز): جگتیال ضلع کے اینڈاپلی منڈل کے کونڈا پور گاؤں میں ایک ماں نے اپنے شوہر ، خالہ اور افراد خاندان کی طرف سے ہراساں کئے جانے کے بعد اپنے گھر میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ جیوتی کی شادی 16 سال قبل وینکنا روی سے ہوئی تھی ۔ انہیں ایک لڑکا اور ایک لڑکی بھی ہے ۔ جیوتی نے اپنے شوہر اورسسرال والوں کی طرف سے ہراساں کئے جانے کے بعد 2017 میں گھر میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی تھی ۔ روی نے دوسری شادی سویتا نامی خاتون سے کی ۔ روی کی بیٹی سہسرا اینڈاپلی منڈل کے کماری پلی میں کستوربا گاندھی گرلز اسکول میں انٹر سال اول میں تعلیم حاصل کررہی ہے ۔ ایک ماہ قبل ناک میں شدید تکلیف کی وجہ سے اس کا آپریشن کیا گیا تھا جس کے بعد وہ گھر پر ہی رہ رہی تھی ۔ گھر میں کوئی نہ ہونے پر اس نے اسی مقام جہاں اس کی ماں نے خود کشی کی تھی اس نے بھی اسی مقام پر خود کشی کرلی ۔ متوفی کی نانی پورنڈلا سوگنا نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور الزام لگایا کہ اس کی نواسی کی موت پر شبہات پائے جارہے ہیں ۔ روی باپ اور سوتیلی ماں سویتا ، ویرنکی لکشمی اور ویرنکی سرینواس اس کی موت کے ذمہ دار ہیں ۔ اس نے الزام لگایا کہ سہسرا کا قتل کر کے اسے خود کشی بتانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی ۔۔ ش