حیدرآباد۔ 27 اگست (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ جگت گیری گٹہ علاقہ میں سلینڈر کا زوردار دھاکہ ہوا۔ یہ دھماکہ اسبسطاس کالونی میں پیش آیا۔ دھماکہ کے ساتھ ہی علاقہ کی عوام میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ یہ دھماکہ کالونی کے مکان میں پکوان گیس سلینڈر پھٹنے سے ہوا جس کے نتیجہ میں بچوں سمیت 7 افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ دھماکہ کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ عملہ حادثہ کے مقام پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دھماکہ کے بعد لگی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم دھماکہ کی شدت سے مکان تباہ ہوگیا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جن کا گاندھی ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کا تعلق اڈیشہ ریاست سے ہے جو روزگار کے سلسلہ میں حیدرآباد آئے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع