جگت گیری گٹہ میں موٹرسائیکلوں کے سارقوں کی ٹولی بے نقاب

   

22 موٹر سائیکلیں ضبط، پانچ افراد گرفتار، اے سی پی نریش ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 اگست (سیاست نیوز) پولیس جگت گیری گٹہ نے موٹرسائیکل کا سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بالانگر زون نریش ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے 22 موٹرسائیکلوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ اے سی پی کے مطابق 26 سالہ جی سریدھر ساکن کوکٹ پلی متوطن جگتیال، 21 سالہ ایم ویرا کوشک گوڑ ساکن الوین کالونی متوطن مشرقی گوداوری اے پی، 20 سالہ کے منی کنٹھہ ساکن الوین کالونی متوطن مشرقی گوداوری، 28 سالہ جی سرینواس کوکٹ پلی متوطن کاکیناڈا اے پی اور 25 سالہ شیخ ناگرولی ساکن اچم پیٹ گنٹور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ 24 اگست کو غفور راجہ نامی شخص کی کے ٹی ایم موٹر سائیکل کا جگت گیری گٹہ حدود سے سرقہ کرلیا گیا تھا۔ پولیس کی ٹیم نے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت پر تلاشی شروع کردی اور اس دوران گولہ پلی سریدھر کو روکا گیا جو بغیر نمبر پلیٹ والی کے ٹی ایم موٹرسائیکل پر مشتبہ انداز میں نقل و حرکت کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سریدھر نے اپنا جرم قبول کرلیا اور بتایا کہ کے ٹی ایم موٹر سائیکل کے علاوہ اس نے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ، بورابنڈہ اور اللہ پور پولیس حدود میں موٹرسائیکلوں کا سرقہ کیا اور اس کے ہمراہ اس کے ساتھی گرفتار افراد بھی شامل تھے۔ پولیس نے تمام کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 22 موٹرسائیکلوں کو جس کی مالیت 42 لاکھ بتائی گئی کو ضبط کرلیا جن میں کے ٹی ایم ڈلوک، رائل انفلیڈ، پلسر یاماہا، ہونڈایونیکارن و دیگر شامل ہیں۔ اس ٹولی نے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ حدود سے 8، اللہ پور پولیس، بورابنڈہ، جگت گیری گٹہ حدود میں وارداتیں انجام دی تھیں۔ع