نئی دہلی :ہندوستان کے نائب صدر عہدہ کے لیے این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھر نے مشترکہ اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کو بڑی آسانی سے شکست دے دی ہے۔ نائب صدر انتخاب کا نتیجہ آنے کے بعد دھنکھر کو مبارکباد پیش کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ان کی رہائش پر پہنچ کر انھیں جیت کی مبارکباد دی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک بہترین نائب صدر ثابت ہوں گے۔ ہمارا ملک ان کی عقل و دانش سے بے پناہ فائدہ اٹھائے گا۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ’’کسان کے بیٹے جگدیپ دھنکھر جی کا ہندوستان کے نائب صدر کی شکل میں منتخب ہونا پورے ملک کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی جگدیپ دھنکھر کے نائب صد رمنتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’جگدیپ دھنکھر جی کو ہندوستان کے 14ویں نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ مشترکہ اپوزیشن کے جذبہ کو وقار کے ساتھ پیش کرنے کے لیے محترمہ مارگریٹ الوا جی کا شکریہ۔‘