نئی دہلی : راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے جگدیپ دھنکھر کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کے نوٹس کو خارج کر دیا ہے۔ یہ نوٹس اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے آرٹیکل 67 بی کے تحت راجیہ سبھا سکریٹری پی سی مودی کو پیش کیا تھا۔ ملک میں 72 سالہ پارلیمانی جمہوریت میں راجیہ سبھا چیئرمین کے خلاف کبھی تحریک مواخذہ نہیں آیا تھا۔ لیکن اپوزیشن نے بہت مجبوری میں یہ نوٹس دی تھی۔ اس نوٹس پر اپوزیشن کی طرف سے 60 اراکین نے دستخط کیے تھے۔تحریک عدم اعتماد کا نوٹس خارج کیے جانے کے پیچھے کی وجوہات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین کو ہٹانے کے مقصد سے تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے کم از کم 14 دن پہلے نوٹس دیا جانا ضروری ہوتا ہے جبکہ پارلیمنٹ کا رواں سرمائی اجلاس 20 دسمبر تک ہی چلنا ہے۔ یہ نوٹس نامناسب، خامیوں بھرا اور موجودہ نائب صدر کے وقار کو مجروح کرنے کیلئے جلدبازی میں تیار کیا گیا ہے۔