گجرات کی وڈگام اسمبلی سے رکن اسمبلی جگنیش میوانی کو آسام پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ جگنیش میوانی کو آسام پولیس نے پالن پور سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں صبح سویرے احمد آباد سے آسام لے جایا گیا ۔ کانگریس لیڈر ہاردک پٹیل نے جگنیش میوانی کی گرفتاری پر اپنے غصے کا زبردست اظہار کیا ہے۔ ہاردک پٹیل نے ٹویٹ کیا کہ ایم ایل اے جگنیش میوانی کو کل نصف شب کو آسام پولیس نے گرفتار کیا ۔ صرف ایک ٹویٹ کی وجہ سے گرفتاری اور وہ بھی نصف شب کو کچھ توگڑبڑ ہے۔ میری حکومت کو وارننگ ہے کہ اگر جگنیش میوانی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری آپ کی ہوگی۔ اب توملک میں ایم ایل اے بھی محفوظ نہیں ہیں۔میوانی کے معاون سریش جاٹ نے کہا کہ گجرات کے ایک سرکردہ دلت رہنما میوانی کو تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے کے تحت ایف آئی آر درج ہونے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا گیا، جو برادریوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کے جرائم سے متعلق ہے۔