جگنیش میوانی کی گرفتاری پر یوتھ کانگریس کا احتجاج

   

نئی دہلی ؍ گوہاٹی : یوتھ کانگریس نے گجرات کے ایم ایل اے جگنیش میوانی کی آسام پولیس کی جانب سے گرفتاری پر آج احتجاج کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی کانگریسی مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی قیامگاہ کی طرف بڑھنا چاہتے تھے لیکن روک دیئے گئے۔ انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی ڈی نے کہا کہ میوانی کی گرفتاری غیرقانونی ہے۔ دریں اثناء میوانی کے وکلاء نے کہا کہ وہ دلت جہدکار کیلئے ضمانت کی استدعا کے ساتھ جمعرات کو سیشنس کورٹ سے رجوع ہوں گے۔ جگنیش ضلع بارپیٹا میں پانچ روزہ پولیس تحویل میں ہے۔ اس دوران کانگریس قائدین نے اعلان کیا کہ جگنیش کی گرفتاری کے خلاف ریاست کے تمام 34 اضلاع میں اس وقت دھرنے منظم کئے جائیں گے جب وزیراعظم نریندر مودی مختلف پراجکٹس کے افتتاح کیلئے آسام کے دورہ پر ہوں گے۔