جگن اور وجئے سائی ریڈی کو بیرونی دورہ کی اجازت پر آج سی بی آئی خصوصی عدالت کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔/30 اگسٹ،( سیاست نیوز) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے برطانیہ کے دورہ کی اجازت کیلئے چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر سماعت کو مکمل کرلیا ہے۔ 2 ستمبر کو لندن میں اپنی دختر کے پاس جانے کی اجازت طلب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے 28 اگسٹ کو خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی۔ ضمانت کی شرائط میں ترمیم کی درخواست کی گئی جس میں بیرونی ممالک جانے پر پابندی عائد ہے۔ سی بی آئی نے جگن موہن ریڈی کی درخواست پر جوابی حلفنامہ داخل کرنے کے لئے عدالت سے وقت مانگا۔ آج سی بی آئی کے وکیل نے اپنے دلائل پیش کئے۔ سی بی آئی نے جگن کو بیرونی دورہ کی اجازت نہ دینے کی اپیل کی ۔ سی بی آئی عدالت نے اپنا فیصلہ کل 31 اگسٹ تک کیلئے محفوظ کردیا۔ دوسری طرف وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی نے برطانیہ، امریکہ، جرمنی، دبئی، سنگاپور کے دورہ کی اجازت طلب کرتے ہوئے سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے درخواست دائر کی۔ ان کی درخواست پر فریقین کی سماعت آج مکمل ہوگئی اور سی بی آئی نے بیرونی دورہ کی مخالفت کی۔ خصوصی عدالت نے اپنا فیصلہ کل 31 اگسٹ تک کیلئے محفوظ کردیا ہے۔