’’ جگن حکومت مجھے گرفتار کرسکتی ہے ‘‘: چندرا بابو نائیڈو

   

حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ کل یا پرسوں انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ رائے درگم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر جگن موہن ریڈی حکومت نے ان کے خلاف مختلف مقدمات کی تیاری کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ عرصہ میں ان کے خلاف انکم ٹیکس اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے ہیں اور کل یا پرسوں مجھے گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیاں ان کی قیامگاہ پر دھاوا کرسکتے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم کو کمزور کرنے کیلئے جگن موہن ریڈی حکومت سازش کررہی ہے۔ اسی دوران چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر جگن کو سیلفی چیلنج کرتے ہوئے نئی مہم شروع کی ہے۔ اننت پور ضلع میں پارٹی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے سیلفی مہم کا آغاز کیا۔