جگن حکومت کے خلاف چندرا بابو نائیڈو کی یاترا پر تنقید

   

وزیراعظم سے آندھراپردیش کے امور پر بات چیت، رام چندریا کا بیان
حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری سی رام چندریا نے الزام عائد کیا کہ قائد اپوزیشن این چندرا بابو نائیڈو نے امراوتی کے کسانوں کو دھوکہ دیا جس کے نتیجہ میں آج وہ سڑکوں پر ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رام چندریا نے کہا کہ سابق چیف منسٹر عوام میں بے بنیاد پروپگنڈا کررہے ہیں اور وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت کے بارے میں گمراہ کن اطلاعات پھیلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے باوجود چندرا بابو نائیڈو حکومت کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں۔ رام چندریا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ریاست کی طرقی اور عوام کی خوشحالی کے بارے میں بات چیت کی۔ اگرچہ چیف منسٹر نے آندھراپردیش میں عمل کی جارہی بھلائی اسکیمات کے بارے میں نریندر مودی کو واقف کروایا لیکن چندرا بابو نائیڈو اور بعض میڈیا گھرانے گمراہ کن خبریں پھیلارہے ہیں۔ رام چندریا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے یہ خبر عام کردی کہ KIA کمپنی آندھراپردیش سے منتقل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد خبروں کو پھیلانے کا مقصد حکومت کے امیج کو متاثر کرنا ہے۔ رام چندریا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اپنے دور میں کی گئی غلطیوں کے لیے موجودہ حکومت کو ذمہ دار قرار دینے کے مقصد سے چیتنیا یاترا کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ عوام چندرا بابو نائیڈو پر بھروسہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ عوام نے بہتر حکمرانی فراہم کرنے والی حکومت کو ووٹ دیا ہے۔ رام چندریا نے کہا کہ نئی دہلی کے اسمبلی انتخابات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام انتخابی وعدوں پر قائم رہنے والے افراد کی تائید کرتے ہیں۔ رام چندریا نے کہا کہ کرپشن اور جرائم کے سلسلہ میں بہت جلد چندرا بابو نائیڈو سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو دور کو تغلق دورِ حکومت سے تعبیر کیا اور کہا کہ نائیڈو کسی تیاری کے بغیر حیدرآباد سے امراوتی منتقل ہوئے۔