حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے سابق چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی کے غیر محسوب اثاثہ جات کے معاملہ میں سی بی آئی کی جانب سے داخل کردہ چارج شیٹ سے نام خارج کرنے کے لئے وانپک کمپنی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ سی بی آئی نے اپنی چارج شیٹ میں کمپنی کا نام شامل کیا تھا۔ یہ مقدمہ نامپلی کی سی بی آئی خصوصی عدالت میں زیردوران ہے۔ جولائی 2022ء میں تلنگانہ ہائیکورٹ نے وانپک پراجکٹ کی جانب سے داخل کردہ درخواست کو سماعت کے لئے قبول کیا تھا۔ سی بی آئی نے اِس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ سی بی آئی نے شکایت کی کہ ہائیکورٹ نے اُس کے موقف کی سماعت کے بغیر ہی وانپک کی درخواست کو قبول کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو ہدایت دی تھی کہ وہ سی بی آئی کے موقف کی سماعت کرے اور فریقین کی سماعت کے بعد کوئی فیصلہ کرے۔ ہائیکورٹ نے دوبارہ اِس معاملہ کی سماعت کی اور آج کمپنی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ سی بی آئی کے مطابق جگن موہن ریڈی غیر محسوب اثاثہ جات معاملہ میں کمپنی کا بھی اہم رول ہے۔1