مقدمہ کی یکسوئی میں تاخیر سے متعلق درخواست کی سماعت
حیدرآباد ۔2۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو ہدایت دی ہے کہ سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ کی تمام تفصیلات پیش کی جائیں۔ سپریم کورٹ نے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو تفصیلات پیش کرنے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ میں موجود ڈسچارج پٹیشن کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے کہا گیا کہ ہائی کورٹ میں زیر التواء درخواستوں کی تفصیلات پیش کریں۔ ان دونوں تحقیقاتی ایجنسیوں کو تفصیلات حلفنامہ کی شکل میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ آندھراپردیش کے ڈپٹی اسپیکر رگھورام کرشنا راجو نے جگن کے غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ میں تاخیر کی شکایت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے تحقیقات کو آندھراپردیش سے کسی اور ریاست منتقل کرنے کی اپیل کی۔ جسٹس ابھئے ایس اوکا کی زیر قیادت بنچ نے درخواست کی سماعت کی اور فریقین نے ہائی کورٹ میں زیر التواء مقدمہ کے موقف سے واقف کرایا۔ سپریم کورٹ نے تحت کی عدالت میں مقدمہ میں تاخیر کی وجوہات طلب کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈسچارج پٹیشن کے ادخال کے نتیجہ میں مقدمہ کی یکسوئی میں تاخیر ہوئی ہے ۔ سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ نے زیر التواء امور کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 13 ڈسمبر کو مقرر کی ہے ۔ 1