جگن موہن ریڈی اور وجئے سائی ریڈی کو بیرونی دورہ کی اجازت سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے احکامات

   

حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی اور وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کو بیرونی دورہ کی اجازت دے دی ہے ۔ ضمانت کی شرائط میں ترمیم کرتے ہوئے دونوں قائدین نے بیرونی دورہ کی اجازت طلب کے لئے درخواست داخل کی تھی۔ فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے کل اپنا فیصلہ محفوظ کردیا تھا جو آج سنایا گیا ۔ سی بی آئی نے بیرونی دورہ کی اجازت دیئے جانے کی مخالفت کی لیکن عدالت نے سی بی آئی کے ا ستدلال کو نامنظور کرتے ہوئے دونوں قائدین کو دورہ کی اجازت دے دی۔ جگن موہن ریڈی 2 ستمبر کو لندن میں اپنی دختر کے پاس جانے کی اجازت طلب کی۔ ضمانت کی شرائط کے تحت دونوں قائدین کو بیرونی دورہ کی اجازت نہیں ہے ۔ خصوصی عدالت نے جگن موہن ریڈی کو 2 تا 12 ستمبر دورہ لندن کی اجازت دے دی ہے ۔ اسی طرح رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کو برطانیہ ، امریکہ ، جرمنی ، دبئی اور سنگاپور کے دورہ کی اجازت دے دی۔ خصوصی عدالت میں وائی ایس آر کانگریس کے دونوں قائدین کو بڑی راحت ملی ہے ۔