امیت شاہ سے دیڑھ گھنٹہ طویل ملاقات پر سیاسی حلقوں میں تجسس
حیدرآباد: چیف آندھراپردیش جگن موہن ریڈی دو روزہ دورہ دہلی کے بعد آندھر اپردیش واپس ہوگئے ۔ وہ ایرپورٹ سے اپنی قیامگاہ روانہ ہوئے۔ نئی دہلی قیام کے دوران جگن نے مرکزی وزراء امیت شاہ ، پیوش گوئل ، شیخاوت ، دھرمیندر پردھان ، پرکاش جاوڈیکر اور نیتی آیوگ نائب صدرنشین راجیو کمار سے ملاقات کی اور ریاست کے مسائل پر نمائندگی کی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ سے ان کی ملاقات دیڑھ گھنٹے طویل رہی جس میں مختلف سیاسی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جگن نے امیت شاہ سے ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں جبکہ دیگر وزراء سے نمائندگی کی تفصیلات میڈیا کیلئے جاری کی گئیں۔ امیت شاہ سے طویل ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہمیت دی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن نے آندھراپردیش میں تین علحدہ دارالحکومتوں کے قیام کو منظوری کیلئے امیت شاہ سے درخواست کی ہے۔ انہوں نے مسائل کی بنیاد پر مرکز کی تائید جاری رکھنے کا تیقن دیا ۔ جگن نے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو یادداشت پیش کی جس میں وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کو خانگیانے کی مخالفت کی گئی۔