جگن موہن ریڈی نے ارکان خاندان کی پیٹھ میں خنجر گھونپا

   

ایک طرف چچازاد بہن اور دوسری طرف سگی بہن شرمیلا بغاوت پر اُتر آئیں
حیدرآباد۔ تلگودیشم کے سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ارکان خاندان کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا۔ شرمیلا کی جانب سے پارٹی تشکیل دینے کا اشارہ دینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے ماضی کا ایک ویڈیو ریلیز کیا جس میں وجئے سائی ریڈی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ شرمیلا جگن موہن ریڈی کی جانب سے چھوڑا گیا مہرہ ہے اور وہ پارٹی کا بھروسہ ہے۔ سربراہ تلگودیشم نے کہا کہ خاندان کے ارکان پر جگن کو بھروسہ نہیں ہے تو وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین اور عوام پر کہاں بھروسہ کریں گے ۔ سیاسی فائدہ اٹھانے کے بعد جگن موہن ریڈی نے اپنے ارکان خاندان کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔ اپنے چچا کے قاتلوں کا جگن موہن ریڈی نے آج تک پتہ نہیں چلایا تب سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والے جگن اب اس کی مخالفت کررہے ہیں یہاں تک کہ وہ اپنے چچا کے قاتل سے بھی مل چکے ہیں۔ چچا ویویکانند کی دختر ایک طرف جدوجہد کررہی ہیں تو دوسری طرف شرمیلا علحدہ پارٹی تشکیل دینے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔