رمضان میں عبادات گھر میں ادا کرنے کی اپیل، مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر کارروائی کی ہدایت
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ضلع کلکٹرس اور مسلم مذہبی شخصیتوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر جگن موہن ریڈی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عبادات کا اہتمام اپنے گھروں میں کریں۔ مسلم مذہبی شخصیتوں اور علماء سے اپیل کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں مسلمانوں میں شعور بیدار کریں تاکہ آندھراپردیش کو کورونا وائرس کے قہر سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کے قہر سے ممالک پریشان ہیں۔ آندھراپردیش حکومت کورونا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ کورونا کے سبب اگادی، سری رام نومی، گڈ فرائی ڈے اور ایسٹر جیسی تقاریب کا گھروں میں انعقاد کرنا پڑا۔ اب جبکہ رمضان المبارک کا آغاز ہونے کو ہے، مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں میں عبادت کا اہتمام کریں اور یہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جگن موہن ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون پر عمل آوری میں حکومت سے تعاون کریں۔ رمضان المبارک کے دوران افطار اور تراویح کا اہتمام مساجد کے بجائے گھروں میں کریں۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ وہ انتہائی ناگزیر صورتحال میں مسلمانوں سے اس طرح کی اپیل کررہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جھوٹی خبروں کو عام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ علماء اور مذہبی شخصیتوں نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا میں غلط ویڈیوس اور اطلاعات گشت کرنے والوں پر نظر رکھیں۔ کرنول ضلع میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور عوام بھی حکومت سے تعاون کررہی ہے۔ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں لیکن بعض ٹی وی چینلس اور اخبارات جان بوجھ کر گمراہ کن خبریں پیش کررہے ہیں۔ فرضی ویڈیوز اور جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں تاکہ عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہو۔ کرنول کے مسلم رکن اسمبلی کے خلاف بھی بے بنیاد مہم شروع کی گئی۔ مذہبی شخصیتوں نے ان سرگرمیوں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جگن موہن ریڈی نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دیں گے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ پولیس سے اس سلسلہ میں رپورٹ طلب کی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس گوتم سوانگ کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایسے اداروں کے خلاف سخت قدم اٹھائیں۔
