جگن موہن ریڈی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر یکم جولائی کو سماعت

   

حیدرآباد: چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی کی ضمانت کو منسوخ کرنے کی رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنم راجو کی درخواست پر سی بی آئی عدالت میں سماعت کی گئی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت یکم جولائی تک ملتوی کردی ۔ جگن کے داخل کردہ جوابی حلفنامہ پر رگھو رام کرشنم راجو کے وکیل نے جوابات داخل کئے۔ انہوں نے ضمانت کی تنسیخ سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی اپیل کی۔ رکن پارلیمنٹ کے وکیل نے کہا کہ جگن کے غیر محسوب اثاثہ جات معاملہ میں کئی عہدیدار بطور گواہ اور ملزم شامل ہیں۔ عہدیداروں کو گواہی سے روکنے حکومت سے دباؤ بنایا جارہا ہے۔ آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے اور تقررات چیف سکریٹری کی ذمہ داری ہے لیکن آندھراپردیش میں چیف منسٹر بذات خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں جسکے نتیجہ میں عہدیداروں میں عدم تحفظ کا احساس ہے۔ عدالت نے آئندہ پیشی یکم جولائی کو مقررکی ہے۔