حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور وائی ایس آر کانگریس سربراہ جگن موہن ریڈی نے آج گورنر آندھرا پردیش جسٹس عبدالنذیر سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی نے گورنر کو ریاست کی امن و ضبط کی صورتحال پر یادداشت پیش کی جس میں شکایت کی گئی کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد سے وائی ایس آر کانگریس کارکنوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اپوزیشن قائدین اور ان کی املاک پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ جگن نے گذشتہ 45 دنوں میں حملوں اور قتل کے واقعات کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے حملہ سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز گورنر کو پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ پلناڈو ضلع میں وائی ایس آر کانگریس کارکن کا دن دھاڑے عوام میںقتل کردیا گیا۔ انہوں نے پارٹی رکن پارلیمنٹ متھن ریڈی کی کار پر سنگباری اور سابق رکن پارلیمنٹ ریڈپا کی کار پر حملہ سے واقف کرایا۔ 45 منٹ تک جاری رہی اس ملاقات میں جگن موہن ریڈی نے گورنر کو تلگودیشم حکومت کے عوام دشمن فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان اور قائدین کے تحفظ کیلئے گورنر سے مداخلت کی اپیل کی۔1