حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی گاڑیوں کے قافلہ کی زد میں آکر ایک کتا زخمی ہوگیا۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے کُتے کے فوری علاج کیلئے سیکوریٹی حکام کو ہدایت دی اور اسے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ چیف منسٹر تاڑے پلی سے کرنول جارہے تھے۔ گناورم ایر پورٹ کے قریب گاڑیوں کے قافلہ کی زد میں ایک کتا آگیا۔ گناورم منڈل کے کیسرا پلی گاؤں میں قومی شاہراہ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ زخمی کتے کو چیف منسٹر کے سیکوریٹی عملے نے ہاسپٹل منتقل کرنے کی گناورم پولیس کو ہدایت دی۔ پولیس نے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا اور طبی امداد کے بعد گناورم پولیس اسٹیشن منتقل کرکے نگہداشت کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی کتا فی الوقت پولیس اسٹیشن میں پولیس کی نگرانی میں ہے۔ چیف منسٹر کے سیکوریٹی عملے نے کتے کی حالت میں سدھار تک اسے پولیس اسٹیشن میں رکھ کر بہتر نگہداشت کی ہدایت دی جس پر پولیس کا عملہ کتے کی دیکھ بھال میں مصروف ہوگیا۔1