جگن کی قیامگاہ کے قریب کورونا متاثرہ کی موت سے سنسنی

   

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیامگاہ ریڈ زون علاقہ میں ہونے کی اطلاع سے سرکاری حلقوں میں سنسنی دوڑ گئی۔ تاہم کلکٹر گنٹور سیمول نے اِس کی تردید کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تاڑے پلی علاقہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ایک ضعیف خاتون کی موت ہوئی۔ وجئے واڑہ کے ایک ہاسپٹل میں علاج کے دوران خاتون کی موت واقع ہوئی۔ موت کے بعد ٹسٹ کرنے پر کورونا پازیٹیو کا انکشاف ہوا۔ یہ اپارٹمنٹ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی قیامگاہ سے بالکل قریب ہے لہذا چیف منسٹر کا مکان ریڈ زون میں شامل ہونے کی اطلاعات گشت کرنے لگیں۔ کلکٹر گنٹور نے اِس کی تردید کی اور کہاکہ چیف منسٹر کی قیامگاہ ریڈ زون میں شامل نہیں ہے۔ اُنھوں نے وضاحت کی کہ 4 پازیٹیو کیسیس پائے جانے والے علاقوں کو ریڈ زون کے تحت شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ تاڑے پلی میں صرف ایک پازیٹیو کیس پایا گیا لہذا یہ ریڈ زون کے تحت نہیں آئے گا۔