43سیٹوں کیلئے زائد از 65فیصد ووٹ ڈالے گئے
نئی دہلی: جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج43سیٹوں پر پرامن ماحول میں اوسطاً 65.71 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی آج ان دس ریاستوں راجستھان، مغربی بنگال، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، کرناٹک، کیرالا، مدھیہ پردیش اور میگھالیہ میں ان دس ریاستوں کی 31 خالی اسمبلی سیٹوں اور کیرالا کی وایناڈ لوک سبھا سیٹ کیلئے بھی ضمنی انتخابات مکمل ہو گئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 81 رکنی جھارکھنڈ اسمبلی کے پہلے مرحلے میں 43 اسمبلی حلقوں اور دیگر ریاستوں میں ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح 7بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے ختم ہوئی۔جھارکھنڈ میں پہلے مرحلے میں 65.71 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان کی سات، مغربی بنگال کی چھ، آسام کی پانچ، بہار کی چار، کرناٹک کی تین، مدھیہ پردیش کی دو اور میگھالیہ، کیرالا، گجرات اور چھتیس گڑھ کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوئے۔ آسام میں پانچ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ، جہاں زیادہ تر رائے دہی کا تناسب 70 فیصد سے زیادہ رہا۔ لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لیے کیرالا کی وایناڈ سیٹ پر 60.79 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اس سیٹ سے اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔ انتخابی نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔
راجستھان کے سالمبر اسمبلی حلقہ میں 64.19 فیصد، جھنجھنو میں 61.80، دیولی میں 61.61، چوراسی میں 68.55، رام گڑھ میں 71.45، کھنسر میں 71.04 اور دوسہ میں 55.63 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ مغربی بنگال کے مداریہاٹ اسمبلی حلقہ میں 64.14 فیصد، مدنی پور میں 71.85 فیصد، نیہاٹی میں 62.10، تلڈنگرا میں 75.20، سیتائی میں 66.35 اور ہارے میں 73.95 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
، ان میں سے بیہلی میں 73.70 فیصد، سڈلی میں 71.50 فیصد، سماگوڈی میں 78.10 فیصد، بونگائیگاؤں میں 72 فیصد اور دھولائی میں 72.40 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ بہار کی رام گڑھ سیٹ کے ضمنی انتخاب میں 52.40 فیصد، امام گنج میں 51.38 فیصد، تراری میں 50.10 اور بیلا گنج میں 53.45 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ کرناٹک کی تین سیٹوں میں سے چننا پٹنا سیٹ پر 88.80 فیصد، شگاؤں میں 75.07 فیصد اور سندور میں 71.47 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ مدھیہ پردیش کی بدھنی سیٹ کے لیے 72.37 فیصد اور وجے پور کے لیے 75.27 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ کے رائے پور سٹی ساؤتھ میں 46.43 فیصد، گجرات کے واو میں 68.01 فیصد، کیرالا کے چیلکارا میں 69.39 فیصد اور میگھالیہ کی گامبگری اسمبلی سیٹ پر 80.91 فیصد ووٹنگ ہوئی۔