جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد کا انتخابات میںمتحدہ مقابلہ کا فیصلہ

   

جے ایم ایم اور کانگریس 70 نشستوںپر مقابلہ کرینگے : چیف منسٹر ہیمنت سورین
رانچی : جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد نے مشترکہ طور پر انتخابات میں مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر ہیمنت سورین نے آج یہ اعلان کیا ۔ کانگریس اور برسر اقتدار جھارکھنڈ مکتی مورچہ ریاست کی 81 اسمبلی نشستوں میں 70 حلقوں سے مقابلہ کرے گا ۔ ہیمنت سورین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نشستوں کی تقسیم کی تفصیل نہیں بتائی جاسکتی ۔ ہمارے کچھ اتحادی حلیف موجود نہیں ہیں۔ جب وہ بھی ساتھ آجائیں گے ہم قطعی نشستوں کی تعداد پر فیصلہ کرینگے اور دوسری تفصیلات کو بھی قطعیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری حلیف جماعتوں آر جے ڈی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ مابقی 11 نشستوں کیئے بات چیت جاری ہے ۔ جھارکھنڈ میں دو مراحل میں 13 اور 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائیگا ۔ گذشتہ انتخابات میں جے ایم ایم نے 43 حلقوں سے اور کانگریس نے 31 حلقوں سے مقابلہ کیا تھا ۔ تاہم سمجھا جا رہا ہے کہ اس بار کانگریس کی نشستوں کی تعداد میں قدرے کمی ہوگی جبکہ جے ایم ایم کو الاٹ کی جانے والی نشستوں کی تعداد میں کچھ اضافہ ہوگا ۔ ذرائع کے بموجب سی پی آئی ایم ایل اور ایم سی سی نے بھی جے ایم ایم اور کانگریس کے ساتھ مل کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔