جھارکھنڈ میں باراتیوں کی بس کھائی میں الٹ گئی، 5 افراد ہلاک

   

لاتیہار۔ 18 جنوری (ایجنسیز) جھارکھنڈ کے ضلع لاتیہار میں اتوار کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ مہواڈنر تھانہ علاقے کے تحت اوسا وادی میں اس وقت پیش آیا جب چھتیس گڑھ سے شادی میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کی بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔پولیس کے مطابق بس شادی کی تقریب کے لیے کرائے پر لی گئی تھی اور ضلع بلرام پور (چھتیس گڑھ) سے مہواڈانر جا رہی تھی۔ اوسا وادی کے خطرناک موڑ پر ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں بس سڑک سے پھسل کر الٹ گئی۔
حادثے میں پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 25 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے پولیس اور انتظامیہ کو مطلع کیا اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔ مہواڈانر کے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) ویپن کمار دوبے نے مہواڈانر، گارو اور نیترہٹ کے طبی عملے کو ایمبولینسوں کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کیا۔