جھارکھنڈ میں جے ایم ایم ۔ کانگریس اتحاد کی شناخت دھوکہ دہی

,

   

ماضی میں اپوزیشن اتحاد کا اقتدار بدعنوانیوں میں ملوث رہا۔ رگھوبر داس کی بی جے پی حکومت پر عوام کو بھروسہ :وزیراعظم مودی

کھونٹی (جھارکھنڈ) ۔3 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج جھارکھنڈ کے اپوزیشن اتحاد جے ایم ایم ۔ کانگریس پر شدید حملہ چھیڑتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اُن کی سیاست دھوکہ دہی پر مبنی ہوتی ہے جبکہ بی جے پی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ اسمبلی چناؤ کے لئے اپنی مہم کے دوسرے مرحلہ پر یہاں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ جھارکھنڈ کے عوام صرف بی جے پی پر بھروسہ رکھتے ہیں کیونکہ اُنھیں اندازہ ہے کہ وہی ریاست کی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے ۔ اُنھوں نے کانگریس پر پیچیدہ مسئلہ کشمیر اور ایودھیا تنازعہ کی یکسوئی میں تاخیر کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے ایودھیا تنازعہ میں پرامن یکسوئی کو یقینی بنایا جبکہ کانگریس نے اسے کئی دہوں سے لٹکا رکھا تھا ۔ جموں وکشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹ چکا ہے اور ایک آدی واسی لیفٹننٹ گورنر کو نوتشکیل شدہ مرکزی علاقہ کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ بڑی آبادی والے قبائیلی رائے دہندوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش میں وزیراعظم نے کہاکہ لارڈ رام ایودھیا کو ایک پرنس کے طورپر چھوڑکر گئے تھے لیکن 14 سال بعد جب واپس ہوئے تو وہ مریادا پرشوتم کی حیثیت سے آئے کیونکہ اُنھوں نے جنگلات میں آدی واسیوں کے ساتھ وقت گذارا تھا ۔ اُنھوں نے چیف منسٹر رگھوبر داس حکومت کی تعریف کی کہ اُس نے ریاست میں نکسل ازم کی کمر توڑ دی ہے ۔ وزیراعظم نے عوام کو متنبہ کیا کہ جے ایم ایم ۔ کانگریس اتحاد کے دھوکہ میں نہ آئیں کیونکہ اس اتحاد نے ماضی میں ریاستی حکومت بنائی تھی مگر اُن کی میعاد مختلف بدعنوانیوں سے پُر رہی ۔ وزیراعظم مودی نے دعویٰ کیا کہ ہر چند ماہ میں جے ایم ایم ۔ کانگریس حکومت کا اسکام بے نقاب ہوتا تھا ۔ جے ایم ایم نے بانی پارٹی شبھو سورین کی قیادت میں 1990 ء کے دہے میں نرسمہا راؤ حکومت کو گرنے سے بچایا تھا ۔

مودی حکومت ، ریلوے کو بھی بیچ دے گی : پرینکا
نئی دہلی ۔3 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت نے ریلوے کوناگفتہ بہ حالات میں پہنچا دیا ہے اور اب ملک کی اس ’جیون ریکھا‘(لائف لائن ) کو بھی فروخت کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔پرینکا نے ٹویٹ کیا کہ ہندوستانی ریلوے ملک کی جیون ریکھا ہے ۔ بی جے پی حکومت نے ہندوستانی ریلوے کو بھی سب سے بری حالت میں لا کر کھڑا کر دیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس حکومت کوپبلک سیکٹر کی کمپنیوں کی نجکاری کی مہارت حاصل ہے اور اس ہنر کے تحت اب ریلوے کو بھی فروخت کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا ہنر بنانا نہیں بلکہ فروخت کرناہے۔ اب کچھ دنوں بعد باقی سرکاری کمپنیوں کی طرح بی جے پی حکومت انڈین ریلوے کو بھی فروخت کرناشروع کر دے گی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی پارلیمنٹ میں پیر کو پیش کردہ اس رپورٹ سے متعلق خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں ریلوے بدترین حالات میں پہنچ گیا ہے ۔