جھارکھنڈ میں شدید گرمی ، خانگی اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع

   

رانچی: جھارکھنڈ پرائیویٹ اسکولس اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن (پاسوا) کی آج ریاستی صدر آلوک کمار دوبے کی صدارت میں منعقدہ ہوئی ایک ہنگامی میٹنگ میں پرائیویٹ اسکولوں کو 17 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور شدید گرمی کی وجہ سے ریاست کے تمام پرائیویٹ اسکولوں سے 19 جون سے اسکول کھولنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ہزاروں والدین موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے پاسوا آفس پہنچے اور ریاست اور صوبے سے لوگوں نے فون پر رابطہ کیا ہے ۔دوسری جانب کئی خانگی اور سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور سماجی و سیاسی جماعتوں نے بھی موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاسوا صدر نے کہا کہ پوری ریاست میں شدید گرمی کا قہر ہے ، صبح 9 بجے سے گرم ہوائیں اور لو چل رہی ہیں، پوری ریاست میں درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری تک ہے ۔ گرمی ایسی ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ نرسنگ ہومز میں مریضوں کو رکھنے کی جگہ نہیں ہے ۔ کل 12 جون سے تمام اسکول کھل رہے ہیں۔ پاسوا ریاست کے تمام پرائیویٹ اسکول آپریٹروں سے اپیل کرتی ہے کہ بچوں اور والدین کی صحت اور حفاظت سب سے پہلے ہے کیونکہ اگر ہمارے بچے بیمار پڑتے ہیں تو افسوس کی بات ہوگی۔