رانچی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ میں بھی مہا گٹھ بندھن نے نشستوں کی تقسیم پر پائی جانے والی قیاس آرائیوں کو دور کرتے ہوئے نشستوں پر سمجھوتے کا اعلان کردیا ہے۔ جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجئے کمار نے ذرائع ابلاغ سے آج بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی 14 لوک سبھا نشستوں پر حلیفوں کے درمیان اتفاق رائے ہوچکا ہے جس کے مطابق جھارکھنڈ میں کانگریس مجموعی طور پر 7 نشستوں پر، جھارکھنڈ مکتی مورچہ 4 نشستوں پر اور جھارکھنڈ وکاس مورچہ دو نشستوں پر مقابلہ کرے گی اور ایک نشست حلقہ لوک سبھا پلامو راشٹراجنتادل کو دیا گیا ہے۔ تاہم دوسری طرف آر جے ڈی جھارکھنڈ یونٹ کے جنرل سکریٹری سنجے سنگھ یادو نے اِس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشستوں کی تقسیم کے اِس فیصلے کو وہ قبول نہیں کریں گے جوکہ میری غیر موجودگی میں یکطرفہ طور پر کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم ہر حال میں پلامو اور چترا حلقہ پارلیمان سے اپنے امیدوار ٹھہرائیں گے۔