جھارکھنڈ میں وزیر صحت عرفان انصاری نے رکشہ چلایا

   

رانچی، 13 مارچ (یواین آئی) جھارکھنڈ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آج تیرہویں دن، اسمبلی کمپلیکس میں حکمراں جماعت کے اراکین اسمبلی نے مہنگائی، ایل پی جی گیس کی کمی اور پیٹرول-ڈیزل کے بحران کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج کے دوران حکمراں جماعت کے اراکین اسمبلی نے ایل پی جی گیس کی قلت، بڑھتی ہوئی گیس کی قیمتوں اور پیٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر صحت عرفان انصاری نے احتجاج کیا اور رکشہ چلاکر اسمبلی پہنچے ۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی صورتحال اتنی سنگین ہو گئی ہے کہ عام لوگوں کا گزارا مشکل ہو گیا ہے ۔زراعت کی وزیر شلپی نہا ترکی رکشہ سے اسمبلی پہنچیں۔ اس دوران وزیر صحت وزیر زراعت کے رکشہ ڈرائیور بن گئے ۔ وزیر زراعت محترمہ ترکی نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی صورتحال مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان اپنی ضرورت کا تقریباً 90 فیصد تیل بیرون ملک سے خریدتا ہے ، ایسی حالت میں پٹرول-ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔