وزیر صحت عرفان انصاری کا اعلان‘ نتیش کمار پر تنقید
رانچی :مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں منظور کیے گئے وقف (ترمیمی) بل 2025 کے خلاف جھارکھنڈ میں سیاسی مخالفت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ریاست کے وزیر صحت اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر عرفان انصاری نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ وہ اس بل کو جھارکھنڈ میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔عرفان انصاری نے کہا کہ کسی بھی قیمت پر ہم یہ وقف ترمیمی بل جھارکھنڈ میں لاگو نہیں ہونے دیں گے۔ یہ بل مسلمانوں کے خلاف ہے اور ہم اسے قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا، مسلمانوں نے نتیش کمار کو کبھی ایم ایل اے، کبھی ایم پی، وزیر اور آخر کار وزیر اعلیٰ بنایا لیکن وہی نتیش کمار آج اقلیتوں کے ساتھ دھوکہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت مسلمانوں کو صرف پریشان کرنے کے لیے ایسے قوانین لاتی ہے۔ جب مسلمانوں نے اس ترمیمی بل کی کوئی مانگ ہی نہیں کی تو مرکز اسے لائی کیوں؟ پہلے تین طلاق، پھر این آر سی اور سی اے اے جیسے متنازعہ قوانین لائے گئے۔ عرفان انصاری نے کہا کہ اگر مودی حکومت اقلیتوں کی بھلائی نہیں کر سکتی تو کم از کم انہیں پریشان تو نہ کرے۔عرفان انصاری نے وقف ترمیمی بل کے خلاف سپریم کورٹ کا رْخ اختیار کرنے پر کانگریس پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات میں ہمیں بہار میں حکومت بنانے کا موقع ملا تو ہم وہاں بھی اس قانون کو نافذ نہیں ہونے دیں گے۔