جھارکھنڈ میں 19 جون کے بعد پری مانسون اور مانسون کی بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے، لیکن ریاست کو اس پورے مہینے گرمی سے کوئی چھٹکارا نہیں ملنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ باتیں جمعرات کو اپنی پیشن گوئی میں کہیں۔ رانچی میں واقع محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے سربراہ ابھیشیک کمار نے کل بتایا کہ محکمہ کی طرف سے کی گئی پیشین گوئی کے مطابق 29 جون تک گرمی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 44 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت پوری ریاست شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے کمار نے کہا کہ یہ راحت کی بات ہے کہ جھارکھنڈ میں 19 جون کے بعد پری مانسون بارشیں شروع ہوں گی اور جلد ہی مانسون کی بارش شروع ہونے کا پورا امکان ہے۔ آج سب سے زیادہ 14.5 ملی میٹر بارش لوہردگا میں ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ گوڈا 44.7 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سب سے زیادہ گرم مقام رہا۔ رانچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جھارکھنڈ میں 19 جون سے ریاست کے الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔